Islamic Education

Thursday, September 24, 2020

کفر سے توبہ


 سب سے بڑا گناہ کفر ہے ۔ کفر کیا ہے ؟ انکار خدا کفر ہے. انکار رسول کفر ہے .انکار قرآن کفر ہے. انکار آخرت کفر ہے ۔ انکار ملائکہ کافر ہے. جب انسان کفر میں مبتلا تھا تو خدانے انسان کی حالت زار پر رم کھایا اور اپنے محبوب رسول ﷺ کو ہادی بنایا ۔ پھر رسول ﷺ نے تجھے بتایا کہ خدا کو ایک مان اور بن دیکھے تسلیم کر کے اس کی حمد و ثنا میں گم ہو جا ۔ پھر اللہ کے رسولﷺ نے تجھے مقام رسالت کا راز بتایا ۔  قرآن جسیی عظیم کتاب کا عطیہ دلوایا ۔ تیرے سامنے موت اور آخرت کا عقدہ کھولا ۔ خدا کی پیاری مخلوق ملائکہ سے متعارف کروایا اور تجھے دعوت دی کہ اپنے وہم و گمان کو چھوڑ کر ایک خدا کا پجاری بن جا اور صاحب ایمان ہو جا ۔ کچھ نے مان لیا اور دولت ایمان کو بصد عجز و نیاز قبول کیا لیکن اہل کفر ! تیری عقل نے تجھے دھوکہ دیا اور آج تک ایمان و اسلام سے محروم ہے ۔ اگر چہ تو نے سمندر کی تہوں کو چیر ڈالا ہے ۔ زمین کے خزانوں کو کھول دیا ہے ۔ کوہ و دشت کو تو نے زیر نگین کرڈالا ہے ۔ سالوں کے فاصلوں کو چشم زدن کردیا ہے ۔ گویا کہ تن آسانی کے لئے تو رات دن مصروف کار ہے لیکن میرے دوست کار جہاں کے ساتھ ساتھ زیور ایمان سے آراستہ ہونا چاہیے تھا . اس حقیر دنیا کے بدلے میں آخرت کا سودا نہ کرو ۔

اے دنیا کے بھٹکے ہوئے انسانو ! کیوں کفر کی وادیوں میں جکڑے ہوئے ہو ؟ کیوں شیطان کے مکر و فریب میں مبتلا ہو ۔ یاد رکھو تمہاری فلاح کفر میں نہیں تمہاری فلاح قبول اسلام میں ہے ۔ تمہاری فلاح ایمان میں ہے ۔ تمہاری عاقبت کا سودا قرآن میں ہے۔ تمہاری نجات غلامی مصطفی ﷺ میں ہے ۔ میرے دوست ! جب تو یہ جان گیا کہ خدا ، رسول اور قرآن کو مانے بغیر چھنکار نہیں تو پھر توبہ میں دیر کیسی ؟ آج ہی خدا کے حضور سجدہ ریز ہو اور اپنے من سے ندامت کے آنسو بہا کر کفر کو چھوڑ دے ۔ کفر ایمان کی ضد ہے اور ایمان سے وہ شخص محروم رہتا ہے جو کفر سے توبہ کر کے اللہ کی طرف نہیں آتا ۔ کفر سراسر جهالت ہے کیونکہ انسان اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کو نہیں پہچانتا ۔ اسی لئے ارشاد باری تعالی ہے کہ
 تم اللہ کے ساتھ کیسے کفر کر تے ہو حالانکہ تم کچھ نہ تھے۔ اس نے تمہیں زندگی عطا کی۔ پھر وہی تم کو مارے گا اور وہی تم کو پھر زندگی عطا کرے گا اور بالآخر تم اسی کی طرف لوٹاے جاو گے۔

No comments:

Post a Comment